جہانزیب اشرف سے شناسائی
آج جن کو ہمیں جاننے کا موقع ملے گا، وہ کسی تعارف کے محتاج نہیں،آپ کا شمار پرانے اردو بلاگران میں ہوتا ہے۔ آپ نے اردو بلاگنگ کا آغاز 2005کے آغاز میں کیا۔ اور اب تک اردو بلاگنگ کر رہے ہیں۔ ۔ آپ ہنس مکھ ہونے کے ساتھ ساتھ حاضر جواب بھی ہیں۔
تو آئیں وقت ضائع کیے بنا جہانزیب اشرف سے ملتے ہیں۔
خوش آمدید جہانزیب
شکریہ
جہانزیب سب سے پہلے ہم آپ سے اردو اور اردو بلاگنگ کے حوالے سے بات کرتے ہیں۔
1۔ یہ بتائیں کہ آپ نے اردو بلاگنگ کب شروع کی؟
تیس جنوری 2005 بروز اتوار، اور یہ رہی پہلی تحریر ۔
2۔ آپ کو اردو بلاگنگ کا خیال کیسے آیا اور اس وقت اردو بلاگنگ میں کن مسائل کا سامنا رہا؟
ایویں ایں بیٹھے بیٹھے خیال آ گیا، بلاگ کا مجھے کچھ عرصہ پہلے ہی پتہ چلا تھا، اس سے پہلے میں فری ویب ہوسٹ اور جیو سٹیز پر اپنا صحفہ بناتا رہتا تھا، مٹاتا رہتا تھا تو مجھے بلاگ سپاٹ کا معلوم ہوا، وہاں صحفہ بنانے کے بعد میں نے گوگل پر تلاش کی تب ایک بلاگ ہوتا تھا اردو ملٹی میڈیا کے نام سے، وہاں پر ٹپس تھیں کہ صحفہ کو اردو میں کیسے ڈھالا جا سکتا ہے، وہاں سے اردو بلاگ رِنگ کا پتہ چلا تو ضیاء، زکریا، آصف، دختر از پاکستان، کنول، نبیل ،دانیال اور قدیر کے بلاگ دیکھے۔ اصل میں وقت گزارنے کے لئے میں جب سے امریکہ آیا ہوں، آن لائن رہنا سب سے بہتر آپشن تھی جو پہلے چیٹ رومز پھر پاکستانی فورمز اور آخر میں بلاگ ۔ لیکن جب سے میں نے بلاگستان میں داخل ہوا اُس کے بعد باقی سب چھوٹتا گیا، اور اب حالت یہ ہے کہ میں دو تین ہفتے بعد کہیں اپنے مسینجر پر ہوتا ہوں وہ بھی چھپ چھپا کر بیٹھا رہتا ہوں ۔
اور مسائل کے بارے میں، شروع میں وہی مسائل درپیش تھے جو ہر بلاگر کو پیش آتے ہیں، صحفہ کا خط، صحفہ کی سمت اور پھر قاری نہ ہونے کا رونا، لیکن مسائل پیش ہوں تبھی اُن کا حل نکلتا ہے۔
3۔ بلاگنگ شروع کرتے ہوئے کیا سوچا تھا؟ صرف بلاگ لکھنا ہے یا اردو بلاگنگ کو فروغ دینے کا مقصد پیش نظر تھا؟
میرا اولین مقصد وقت گزارنا تھا، جو بلاگ سے احسن طریقہ سے پورا ہوتا رہا۔ باقی اردو کو فروغ کی بات تو میں اپنے آپ کو اس قابل سمجھتا ہی نہیں ہوں ۔
4۔ کچھ پرانے اردو بلاگرز اب اردو بلاگنگ چھوڑ چکے ہیں، کیا ایسا خیال کبھی آپ کو آیا؟
وقت پر منحصر ہے، میں نے کبھی بھی نہیں چاہا کہ معاشرتی، سماجی یا سیاسی موضوعات یا سنجیدہ بلاگنگ کروں، لیکن اگر اب میرا بلاگ دیکھا جائے تو اُس میں وہ سب کچھ ہے جو میں نہیں چاہتا تھا، اور جو میں چاہتا تھا وہ ہے ہی نہیں ۔
5۔ آپ کے خیال میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں اردو اپنا مقام کب اور کیسے حاصل کرسکے گی؟
ٹیکنالوجی سے مراد اگر جدید علوم اور ان سے متعلق اصطلاحات ہیں تو یہ شاید اتنی جلدی ممکن نہیں، اور اگر مراد ویب پر اردو کے فروغ سے ہے تو ایسا شاید جلد ہی ہو جائے انٹرنیٹ سروس پروائیڈر ایسویسی ایشن آف پاکستان کے مطابق اس وقت دو سے تین ملین صارف براڈ بینڈ انٹرنیٹ کا استعمال کر رہے ہیں جو اگلے پانچ سال میں بڑھ کر دس ملین صارفین تک ہو جائے گا، اور اس کوشش میں نجی اور حکومتی ادارے کوشش کر رہے ہیں، ان صارفین کی تعداد میں اضافہ اردو کے لئے بہر صورت بہتر ہی ہو گا ، اور ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ان صارفین کے آنے سے پہلے ویب پر اردو میں خاطر خواہ مواد میسر ہو ۔
6۔ اگر آپ سے کہا جائے کہ اردو کے فروغ کے لیے آپ نے جو کردار ادا کیا ہے، اسے مختصر بیان کریں تو اس بارے میں آپ کیا کہیں گے؟
کچھ بھی نہیں، میرا حصہ صرف اتنا ہے کہ ہر مہینے لوگ انٹرنیٹ پر تلاش کرتے کہ اردو کیسے لکھی جائے، اردو خطوط کا انٹرنیٹ پر استعمال کیسے کیا جائے میرے بلاگ پر پہنچ جاتے ہیں جہاں مکمل تو نہیں لیکن آغاز کے لئے مواد موجود ہے، بس اتنا ہی حصہ ہے میرا ۔
7۔ آپ کے خیال میں جو اردو کے لیے کام ہو رہا ہے کیا وہ اطمینان بخش ہے؟
ہاں اطمینان بخش ہے، اور انشاللہ پاکستان میں صارفین کی تعداد کے بڑھنے کے ساتھ ہمیں اردو میں معیاری مواد بھی میسر ہونا شروع ہو جائے گا ۔
8 ۔ مستقبل میں کیا منصوبے ہیں؟
ایک اچھا انسان بننے کے جو اپنی تمام ذمہ داریاں احسن طریق پر پوری کرے ۔
9۔ پرانے اور نئے بلاگرز میں کون پسند ہے؟ کسے شوق سے پڑھتے ہیں؟
سب کو پڑھتا ہوں، بلکہ اگر کہا جائے کہ صرف اردو بلاگز ہی پڑھتا ہوں۔ اور ہر کسی میں کوئی نہ کوئی خوبی ہے، کچھ لوگوں کی تحریریں معلوماتی ہوتی ہیں، کچھ کی برجستہ لیکن ذاتی طور پر مجھے برجستہ تحریروں والے بلاگ پڑھنے میں زیادہ مزا ٓتا ہے ۔
10۔ اردو بلاگرز یا جو اردو کی ترجیح کے لیے کوشاں ہیں، ان کو آپ کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟
نئے بلاگرز کے لئے خاص کہ جب وہ لکھنا شروع کرتے ہیں تو فطرتی طور پر اُن کی خواہش ہوتی ہے کہ لوگ اُن کی تحریر کو سراہیں، لیکن جب ایسا نہیں ہوتا تو بلاگنگ چھوڑنے کی باتیں شروع ہو جاتی ہیں ۔ ضروری نہیں کہ ہر پڑھنے والا تبصرہ بھی کرے اور پرانے اردو بلاگز پر بھی صرف دوسرے اردو بلاگر ہی زیادہ تر تبصرے کرتے ہیں، اس لئے اس بات سے نالاں نہیں ہوں، بلاگ پر ٹریفک مسلسل لکھنے سے ہوتی ہے اور اگر آپ لکھتے رہیں گے تو تبصرے ہونا بھی شروع ہو جائیں گے ۔
جہانزیب، یہ تو تھے کچھ رسمی سوالات جن سے قارئین کو آپ کی بلاگنگ اور دوسرے پروجیکٹس کے حوالے سے آگاہی ہوئی، ان سوالات کے جواب پڑھ کر یقیناً ہمارے قارئین کو آپ کی ذات کے بارے میں بھی کچھ جاننے کا تجسس ہوا ہو گا،
تو آئیں کچھ منفرد سوالات کرتے ہیں۔
پہچان:
1۔ آپ کا نام؟
محمد جہانزیب اشرف
2۔ آپ کی جائے پیدائش؟
سرگودھا، شاہینوں کا شہر
3۔ آپ حالیہ قیام کہاں ہے؟
نیویارک سٹی
4۔ آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے ،کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل چاہتے ہوں؟
زندگی تو نام ہی خواہشوں کا ہے، لیکن میری بڑی خواہش ہے کہ کاش میں کوئی وارئیر ہوتا ۔ لول ۔
5۔ اپنے پس منظر اور اپنی تعلیم کے بارے میں ہمیں کچھ بتائیں گے؟
پس منظر سرگودھا کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق، اس لئے پسِ منظر دیہاتی، پنجابی میں پینڈو ۔ اور تعلیم سے دیہاتیوں کا کیا واسطہ؟ بس واجبی سی تعلیم جو دیہات میں رہنے والے حاصل کرتے ہیں کسی نے بے اے کر لیا تو کسی نے ایم اے، اور بعد میں کرکٹ کھیلتے اور کبڈی میچ دیکھتے زندگی گزار لی ۔
پسندیدہ:
1۔ کتاب ؟
خواتین ڈائجسٹ(مذاق) شاعری میں میں نے دیوانِ غالب، اور نثر میں راجہ گدھ، زاویہ
2۔ گانا ؟
بہت سے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ بدلتے رہتے ہیں ۔ ابھی دوس لوکوس
3۔ رنگ ؟
نیلا
4۔ کھانا )کوئی خاص ڈش( ؟
وَن ڈِش آئی کین ڈائی فار ۔ ساگ
5۔ موسم
نیویارک میں خزاں، سرگودھا میں بہار
غلط/درست:
1۔ مجھے بلاگنگ کی عادت ہو گئی ہے؟
درست
2۔ میں بہت شرمیلا ہوں؟
درست
3۔ مجھے اکثر اپنے کئے ہوئے پر افسوس ہوتا ہے؟
نہیں، بلکہ نا کئے پر بہت افسوس ہوتا ہے، میں بہت سست ہوں اور سستی کی وجہ سے بہت سے کام ادھورے چھوڑ دیتا ہوں ۔
4۔ مجھے زیادہ باتیں کرنا اچھا لگتا ہے؟
ہاں ۔
5۔ مجھے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے؟
ہاں
6۔ مجھے کتابیں پڑھنے کا شوق ہے؟
ہاں ۔
7۔ میں ایک اچھا دوست ہوں؟
یہ تو دوستوں سے پوچھنا چاہیے، ویسے میرا نہیں خیال، جن کے ساتھ میں فرینک ہوں وہ جان چھڑاتے ہیں اور جو میرے ساتھ فرینک ہیں اُن سے میں جان چھڑاتا ہوں ۔
8۔ مجھے غصہ بہت آتا ہے؟
نہیں، بالکل بھی نہیں ۔
آپ کے خیال میں:
1۔ سوال کرنا آسان ہے یا جواب دینا؟
سوال کرنا
2۔ بہترین رشتہ کون سا ہے؟
میاں بیوی
3۔ آپ کی اپنی کوئی ایسی عادت جو آپ کو خود بھی پسند ہو؟
میرے خیال میں دیانتداری ۔
دلچسپی:
1۔ شاعری سے؟
ہاں، بہت
2۔ کوئی کھیل؟
پہلے کرکٹ بہت کھیلتا تھا لیکن اس بات کو بھی آٹھ سال ہو گئے ہیں، پاکستان ٹیم میں محمد حفیظ میرا ہم جماعت ہے ۔
3۔ کوئی خاص مشغلہ؟
اب ایک ہی مشغلہ ہے، انٹرنیٹ اور بس انٹرنیٹ ۔
برا:
1۔ زندگی کا کوئی لمحہ؟
نہیں ، کوئی خاص نہیں، اللہ کا کرم ہے ۔
2۔ دوسروں کی کوئی ایسی بات جو آپ کا موڈ خراب کر دیتی ہو؟
نہیں ۔
3۔ دن کا وقت؟
شام کا وقت ۔
کیا آپ :
1۔ اپنے ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں، تو کیا؟
ہاں، صدر بننا چاہتا ہوں، لیکن آئین میں اس کی اجازت نہیں ہے ۔
2۔ جدیدیت کے قائل ہیں؟
بالکل ہوں ۔
3۔ آزادئ نسواں کے حق میں ہیں؟
یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ حقوق نسواں کی تعریف کیسے کرتے ہیں، مختصر جواب ہاں ۔
کوئی ایک منتخب کریں :
1۔ دولت، شہرت یا عزت؟
عزت
2۔ بالی وڈ، لالی وڈ یا ہالی وڈ؟
کوئی ووڈ نہیں، میں فلمیں بہت ہی کم دیکھتا ہوں، شاید سال میں ایک یا دو بار ۔
3۔ پسند کی شادی یا ارینج شادی؟
پسند کی، میری اپنی ارینجڈ تھی، اور بیگم کو میں نے نکاح کے بعد دیکھا تھا۔
4۔ مینارِ پاکستان یا ایفل ٹاور؟
ایفل ٹاور
6۔ پاکستان، امریکہ یا کوئی یورپین ملک؟
پاکستان، امریکہ ۔ بلکہ امریکہ
جہانزیب،اپنا قیمتی وقت نکال کر منظر نامہ کے لیے انٹرویو دینے کا بہت بہت شکریہ۔
June 7, 2008 بوقت 6:37 pm
بہت اچھے :razz:
June 8, 2008 بوقت 8:49 am
بہت اچھا لگا جہانزیب کے بارے میں پڑھ کر۔
جہانزیب، آپ نے تھوڑی مبالغہ آرائی کر دی۔ 3 ملین کُل صارف ہیںجبکہ بمشکل ایک لاکھ بیس ہزار براڈبینڈ استعمال کنندگان۔ :twisted:
June 8, 2008 بوقت 10:02 am
بہت اچھا لگا جہانزیب صاحب آپ کے متعلق جان کر، امید کرتا ہوں کہ اردو کی ترقی و ترویج کیلیئے اسی طرح کوشاں رہیں گے۔
June 8, 2008 بوقت 3:40 pm
ایک لفظ نہیںپڑہا جا رہا، فونٹ ٹحیک کر لیں، خاص طور پر “ۃ” :sad:
June 8, 2008 بوقت 6:59 pm
فیصل، میری طرف تو سب ٹھیک دکھائی دے رہا ہے۔ باقی کسی نے بھی شکایت نہیں کی۔ لگتا ہے آپ کی طرف کوئی مسئلہ ہے۔
۔۔۔۔
ماوراء
June 9, 2008 بوقت 2:20 pm
آپ جائے پیدائش تو پوچھ لیتے ہیں پر تاریخ پیدائش کیوں نہیں؟ دوسرے کوئی خاتون بلاگر ابھی تک انٹرویو میں نظر نہیں آئیں؟؟؟ :???:
June 9, 2008 بوقت 2:21 pm
فیصل شاید اوبنٹو استعمال کرتے ہیں اور انکے پاس تاہوما فونٹ موجود نہیں۔ کیا عمار آپ نے دوسرا فونٹ ایشیا نسخ یا نفیس ویب رکھا ہے؟ :?: :?: :?:
June 9, 2008 بوقت 4:17 pm
خوب ـ!ـ
اچھا سلسله هے ـ
June 9, 2008 بوقت 5:04 pm
ساجد بھائی! اردو ٹیک کے ایڈمنز نے اب تک تھیم کا نیا ورژن اپ۔لوڈ نہیں کیا ہے اس لیے یہ پرابلم آرہی ہے۔ نئی ورژن میں دوسرا فونٹ نفیس ویب نسخ اور اردو نسخ رکھا ہے۔ اس میں نہیں ہے۔ :sad:
۔۔۔۔۔۔
عمار
June 11, 2008 بوقت 5:30 am
فیصل، اب اپ کو فانٹ ٹھیک سے دکھائی دینا چاہیے۔ اگر اب بھی مسئلہ ہے تو ضرور بتائیں؟
ساجد، تاریخ پیدائش کا بھی کہہ رہے ہیں اور خاتون بلاگر کا انٹرویو بھی؟؟ :grin:
یہ سوال اگر ضروری ہے تو پوچھا جا سکتا ہے۔
اور کوئی پرانی خاتون اردو بلاگر ہیں کیا؟ ہم نے اصل میں پرانے بلاگرز سے شروع کیا ہے۔اور اسی طرح آگے بڑھ رہے ہیں، اور جلد ہی کسی خاتون کا بھی انٹرویو آ جائے گا۔
آپ سب کے تبصروں کا بہت شکریہ۔
—-
ماوراء
June 12, 2008 بوقت 10:38 pm
یہ کنول اور دختر از پاکستان اور اسما مرزا مجھ سے کہیںپہلے سے اردو بلاگنگ کر رہی ہیں اب یہ آپ خواتین کا مسلہ ہے کہ انٹڑویو کیسے لینا ہے ۔ :mrgreen:
June 14, 2008 بوقت 1:08 am
جہانزیب، کنول اور دختر از پاکستان سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔
اسماء مرزا سے رابطے کی کوشش میں ہوں۔
—-
ماوراء
June 25, 2008 بوقت 3:10 pm
جہانزیب بھائی سارا انٹرویو مزے کا تھا۔۔۔لیکن یہ جواب پڑھ کر میرے منہ میں پانی آگیا۔۔ “وَن ڈِش آئی کین ڈائی فار ۔ ساگ”
کیا بات ہے ساگ کی :smile:
ماوراء، عمار۔۔۔ماشاءاللہ نائس جاب۔۔۔۔بہت اچھا کام کررہے ہیں۔۔۔مجھے مختصر سوال زیادہ اچھے لگے ہیں۔۔۔اگلا انٹرویو کب ہوگا۔۔؟؟؟
June 29, 2008 بوقت 12:39 am
امن، شکریہ۔آجکل کچھ نیٹ مسائل کی وجہ سے اگلا پوسٹ کرنے میں تاخیر ہوئی۔ ابھی اگلا انٹرویو پوسٹ کر دیا ہے۔
ماوراء
July 13, 2008 بوقت 3:00 am
[...] ۔ زکریا اجمل 2 ۔ قدیر احمد 3 ۔ عمیر سلام 4۔ خاور کھوکھر 5۔ جہانزیب اشرف 6۔ پاکستانی 7۔ افتخار اجمل 8۔ میرا پاکستان 9۔ [...]